میرے عزیز ہم وطنوں
آج جب ہم یومِ آزادی کا جشن منا رہے ہیں، تو ہمارے دلوں میں دو عظیم تصورات کی روشنی بھرپور طور پر جگمگا رہی ہے۔ سرسبز خیبر پختونخوا کی قدرتی خوبصورتی اور معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح، یہ دونوں ہماری قومی شناخت، استقامت اور مستقبل کے لیے امید کی علامت ہیں۔
معرکہ حق، دفاعِ وطن کی ناقابل فراموش داستان
افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص کے ذریعے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے تاریخ رقم کی۔ یہ کارروائی 6 اور 7 مئی 2025 کی راتوں میں شروع ہوئی، جب بھارت نے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، لیکن پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات سے بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر دشمن کو شکست فاش دی۔ یہ کامیابی صرف فوجی طاقت کی نہیں، بلکہ پوری قوم کے اتحاد، دعاؤں اور اعتماد کی مرہونِ منت تھی۔
خیبر پختونخوا، فطرت کے تحفظ کی جدوجہد
ہمارا صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، لیکن موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہمیں سنگین چیلنجز کا سامنا ہے۔ اندازوں کے مطابق، 18 لاکھ افراد صحت کے مسائل کا شکار ہو سکتے ہیں، جبکہ ملیریا، ڈینگی اور سیلاب جیسی آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود، ہم نے "کلائمٹ ایڈاپٹیشن پلان" کے ذریعے مضبوط اقدامات شروع کیے ہیں، جن کا مقصد ماحولیاتی توازن اور صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
سرسبز خیبرپختونخوا کا وژن
موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے سرسبز خیبرپختونخوا وژن کے تحت بلین ٹری سونامی پراجیکٹ اور 10 بلین ٹری سونامی پراجیکٹ شروع کیے گئے، جن کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں اربوں پودے لگائے گئے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے بلین ٹری پلس منصوبہ شروع کیا ہے تاکہ ممکنہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ یہ منصوبے پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کی کامیاب مثال ہیں، اور مسلسل اقدامات سے یہ مستقبل میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
جنگلات کا تحفظ اور شہداء کو خراج تحسین
خیبرپختونخوا کے جنگلات نہ صرف ماحولیاتی توازن کے لیے ضروری ہیں بلکہ یہ سیاحت، آب و ہوا کے تحفظ اور مقامی معیشت کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔ غیر قانونی کٹائی اور ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں نے ان جنگلات کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ محکمہ جنگلات کے ان بہادر اہلکاروں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جنہوں نے قیمتی جنگلات کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں اور ٹمبر مافیا کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
جنگلی حیات کا تحفظ، ہماری قومی ذمہ داری
پاکستان وائلڈ لائف پروٹیکشن ایوارڈز 2025 کے ذریعے گمنام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جو برفانی چیتوں اور دیگر نایاب انواع کی حفاظت کر رہے ہیں۔ یہ ایوارڈز اس عزم کی علامت ہیں کہ ہم آنے والی نسلوں کے لیے ایک پائیدار ماحول چھوڑیں گے۔
اتحاد، خدمت اور عزم
اس یومِ آزادی پر ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ قومی دفاع اور ماحولیات دونوں ہماری اجتماعی ذمہ داری ہیں، اور جنگلی حیات و جنگلات کا تحفظ ہماری ثقافتی وراثت کا حصہ ہے۔ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایک مضبوط، سرسبز اور خودمختار پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ جس طرح افواجِ پاکستان نے معرکہ حق میں دشمن کے دانت کھٹے کیے، اسی طرح ہم سب کو مل کر سرسبز خیبر پختونخوا کی حفاظت کرنی ہے۔ آئیے، اس 14 اگست پر ہم عہد کریں کہ اپنے وطن کو ماحولیاتی چیلنجز سے پاک اور دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
خدا پاکستان کی حفاظت فرمائے، پاکستان ہمیشہ زندہ باد
شاہد زمانمحکمہ موسمیاتی تبدیلی، جنگلات، ماحولیات و جنگلی حیات، خیبر پختونخوا
Quick Links
About Government
Important Links
Explore Us